تحریک انصاف میں اندرونی لڑائیاں، اجلاس میں قرآن پر حلف لینے کا انکشاف

اسلام آباد (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کورکمیٹی اجلاس میں سیاسی ایپکس کمیٹی اجلاس سے متعلق قرآن پر حلف لینے کا انکشاف ہوا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق کورکمیٹی میٹنگ میں آپس کی لڑائیوں کی خبریں سامنے آنے کے بعد حلف لیا گیا اور قیادت کی جانب سے حکم دیا گیا کہ آپس کی لڑائیوں یا عمران خان کے پیغامات سے متعلق رائے نہ دی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹرگوہر بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہلے عمر ایوب اور شبلی فراز کو پہنچاتے تھے اور پارٹی رہنماﺅں نے متعدد بار ان معاملات پر سوال اٹھائے جن پر تلخی ہوئی، کور کمیٹی کے متعدد ممبران نے پارٹی کے فیصلوں پر سوالات بھی اٹھائے جس کے بعد قرآن پر حلف لیا گیا تا کہ کشیدگی کم کی جاسکے۔ دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے پی ٹی آئی کے آن لائن جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیا بات ہوئی کہ قرآن پر حلف لیں کہ کچھ لیک نہیں ہوگا مگر پھر بھی یہ سب ہوجائے۔ بیرسٹرگوہر نے کہا چیزوں کا لیک نہ ہونا ڈسپلن ہے جس کا ہمیں احساس کرنا ہے ہمارا لیڈرجیل میں ہے اور ان کی جدوجہد سے ہم نے آگ کا دریا عبور کیا، آپس کے فیصلوں کو خود تک محدود کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں