نوشکی میں قتل افراد کی میتیں پنجاب روانہ کردیں، بلوچستان میں چیک پوسٹیں دوبارہ قائم کریں گے، وزیراعلیٰ
کوئٹہ (یواین اے) نوشکی میں مسلح افراد کے ہاتھوں قتل پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئیں ،نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی اراکین صوبائی اسمبلی حاجی ولی محمد نورزئی ،میرضیاءاللہ لانگو، میرلیاقت لہڑی ،ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند، ایڈیشنل آئی جی پولیس جواد ڈوگر ،آئی جی ایف سی چوہدری امیر اجمل ودیگر نے شرکت کی۔نوشکی میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے ، تمام افراد کی میتیں پنجاب کیلئے روانہ کر دی گئیں ہیں ۔نوشکی حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی جس کے بعد میتیں کو پنجاب کیلئے روانہ کیا گیا ،نماز جنازہ میں ایف سی،پولیس افسران اورجاں بحق افرادکے لواحقین نے شرکت کی ، نوشکی حملے میں جاں بحق افرادکاتعلق منڈی بہاالدین اورگوجرانوالہ سے ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے نوشکی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی قوم یاکوئی مذہب نہیں ہے،جوذمہ دارہوگااس کےخلاف سخت کارروائی کی جائےگی،اس حوالے سے جس کی بھی غفلت ہوئی اس کےخلاف کارروائی ہوگی،نوشکی واقعہ کے شہداکے خون کابدلہ لیا جائے گا، ریاست پوری طاقت کےساتھ دہشت گردوں پرحملہ آورہوگی،کسی بھی صورت ریاست کی رٹ برقراررکھی جائےگی ،معصوم لوگوں کوقتل کیاجارہاہوتومذاکرات تونہیں ہوسکتے،جس نے بھی سہولت کاری کی اس کے پیچھے جائیں گے، ہم اپنے سیکورٹی پلان پر نظرثانی کریں گے، اپنی شاہراہوں اور مسافروں کی حفاظت کریں گے۔ ایف سی، پولیس اور لیویز کی چیک پوسٹوں کو دوبارہ قائم کریں گے، جوائنٹ پٹرولنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔


