بلوچستان کے وسائل سب سے پہلے وہیں کے لوگوں پر لگانے چاہئیں، عمر ایوب
کوئٹہ(انتخاب نیوز)تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں قائد حذبِ اختلاف عمر ایوب نے کہاہے کہ شریف خاندان قیدی نمبر 804 سے خوفزدہ ہے۔ کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام کو شعور دیا، آنے والا دور پی ٹی آئی کا ہے یہ حکومتیں ختم ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت آئین اور قانون کی بالادستی چاہتی ہے، یہ پرانا پاکستان نہیں لوگ بیدار ہو چکے ہیں۔عمر ایوب کا کہنا ہے کہ پشین اور چمن جلسوں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو جھنڈے لہرانے نہیں دیے گئے، کارکنوں کو زد و کوب کیا گیا۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ رکاوٹوں کے باوجود جلسے کامیاب ہوئے، ہمارے اتحاد میں شامل جماعتیں پورے ملک میں جلسے کریں گی۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان کے وسائل سب سے پہلے وہیں کے لوگوں پر لگانے چاہئیں، جو بھی صوبہ ہے اس کے وسائل وہاں کے لوگوں پر خرچ ہونے چاہئیں۔تحریک تحفظ آئین پاکستان، حکومت کو اپنی لپیٹ میں لے کر رہے گی عمر ایوب نے کہا ہے کہ کل تحفظ آئین پاکستان کے بلوچستان میں 2 کامیاب جلسے ہوئے۔ خراب موسم اور انتظامیہ کی مداخلت کے باوجود ہم نے کامیاب جلسے کیے۔ میں شریف خلجی کو پی ٹی آئی جوائن کرنے پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ فارم 47 کے بیساکھیوں پر کھڑی حکومتوں کو عوام کا سیلاب بہا کر لے جائے گا۔قیدی نمبر 804 نے عوام کو شعور دیا ہے۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ قاسم سوری اور سالار کاکڑ سخت دور سے گزر رہے ہیں۔ میں قاسم سوری اور سالار کاکڑ کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ آنے والا وقت پی ٹی آئی کا ہے۔ اسلام آباد کے 6 ججز کو زدکوب کیا جارہا ہے۔ نچلی عدلیہ کو بھی پریشرائز کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بشری بی بی خان صاحب کی کمزوری نہیں بلکہ قوت ہے۔ سویلین کے لیے آرمی کورٹس نہیں بلکہ سویلین کورٹ ہیں۔ ہم نے سپریم کورٹ میں آرمی کورٹس کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔ بلوچستان ہمارے ماتھے کا جھومر ہے۔ سب سے پہلے بلوچستان کے مسائل حل کرنا ہوں گے پھر باقی پاکستان کے۔


