نوشکی میں پنجاب کے رہائشی افراد کا قتل، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا

کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بس سے اتار کر فائرنگ کے ذریعے قتل کیے جانے والے پنجاب سے تعلق رکھنے والے نو مسافروں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئیں جہاں ان کی نماز جنازہ کے بعد تدفین کر دی گئیں۔نماز جنازہ میں اعلی حکام، علاقے کے عمائدین اور مکینوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ادھر نوشکی واقعے کی ایف آئی آر سی ٹی ڈی پولیس تھانے میں کالعدم تنظیم کے سربراہ اور آٹھ کمانڈروں سمیت دیگر نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی۔ کالعدم تنظیم کے حملے میں ہلاک ہونے والے افراد میں سے چھ افراد کا تعلق منڈی بہاالدین کے نواحی گاﺅں چک فتح شاہ سے تھا۔اتوار کو ان کی میتیں چک فتح شاہ پہنچا دی گئیں۔ گوجرانوالہ کے سے تعلق رکھنے والے شاہ زیب اور جاوید شہزاد کی میتیں بھی آبائی علاقے نور پور اور دلے پہنچائی گئیں، جہاں ان کے نماز جنازہ میں ضلعی انتظامیہ کے افسران اور علاقے کے عمائدین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔نوشکی واقعے میں قتل ہونے والے ایک اور نوجوان واثق فاروق کی میت ان کے آبائی علاقے وزیرآباد پہنچائی گئی جہاں نماز جنازہ کے بعد ان کی آبائی قبرستان میں تدفین کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں