نو مئی جلاﺅ گھیراﺅ کے 12مقدمات میں ضمانت،نظام خود کو ایکسپوز کر رہا ہے،علی امین گنڈاپور

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی 9مئی جلائے گھیراﺅ کیس کے 12مقدمات میں ضمانت منظور کر لی گئی، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا 9 مئی کے مقدمات میں ضمانتوں کے لیے عدالت میں پیش ہوئے، جج ملک اعجاز آصف نے درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کی۔بعد ازاں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اس لیے عدالت میں پیش ہو گئے، نظام دن بدن خود کو ایکسپوز کر رہا ہے، 6ججز کے خط پر کمیشن بننا بہت ضروری ہے، ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مینڈیٹ بانی پی ٹی آئی کو ملا ہے، ہماری جنگ جاری رہے گی، نظام کو پیغام ہے کہ ملک پر رحم کریں۔انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علی امین کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سختی کی گئی لوگ نہیں نکل سکے، عوام نے خود جا کر نشان ڈھونڈ کر پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، میں عمران خان کو مبارک باد دیتا ہوں کہ قوم جاگ چکی ہے، بانی پی ٹی آئی جلد باہر آئیں گے اور وزیر اعظم بھی ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات پر بانی پی ٹی آئی سے کوئی ناراضگی نہیں، وزیراعظم اس وقت ملک کو لیڈ کر رہے ہیں ظاہر ہیں صوبے کے معاملات پر انہی سے ملاقات ہو گی، جب ملک پلانز پر چلے گا اور فرد واحد اپنی مرضی کے مطابق ملک چلائے گا تو ایسا ہی ہو گا، یہ اتنے ایکسپوز ہوں گے کہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔وزیر اعلی نے کہا کہ ہمارے خلاف بیانات کیسے آئے یہ آپ کو پتہ ہے، ججز کے خط کے بعد چیزیں کھل چکی ہیں، مجھ پر جو مقدمات ہیں ان کے مطابق میں ایک وقت پر 8 ضلعوں میں موجود ہوں اور وہاں کارروائیاں کر رہا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ عدت نکاح کیس میں بشری بی بی کو سزا دی گئی یہ کتنی شرم ناک بات ہے، ہم کتنے گھٹیا ہو چکے ہیں، ہم نے بشری بی بی کی صحت پر ان کو خط لکھا تھا کہ ان کے معائنہ کے یئے ہمیں اجازت دی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں