یوم ارض پر پیغام، پلاسٹک کا بے دریغ استعمال بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے،شہباز شریف
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے یومِ ارض 2024 کے موقع پر پیغام میں کہا کہ آج پاکستان سمیت پوری دنیا میں یوم ارض منایا جارہا ہے، اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد ہم سب کو کرہ ارض کی حفاظت کی ذمہ داری کی یاد دہانی کروانا اور آئندہ نسلوں کیلئے اس سیارے کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ 2024 کا یومِ ارض Planet vs Plastics کے موضوع سے منایا جارہا ہے جس کا مقصد 2040 تک پلاسٹک کے استعمال میں 60 فیصد تک کمی لانا ہے، آئیے آج کے دن ہم پلاسٹک کے ذمہ دارانہ استعمال کا عزم کریں، پلاسٹک کا بے دریغ استعمال نہ صرف ہماری ندیوں، دریاو¿ں اور سمندروں کو آلودہ کر رہا ہے بلکہ یہ ہماری خوارک میں شامل ہوکر براہ راست انسانی صحت کیلئے بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے ذیادہ اثر انداز ہونے والے ممالک میں سر فہرست ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلی کے ہماری ملکی ترقی اور خوشحالی پر مضر اثرات اور عام آدمی کی معاشی سلامتی کیلئے خطرات کے حوالے سے آگاہی کا فقدان ہے، ہر گزرتے برس موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کو شدید خطرات بالخصوص اقتصادی خطرات لاحق ہیں، اسی کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے ہم ان خطرات پر قابو پانے کیلئے فیصلہ کن اور پائیدار اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک سے پاک معاشرے اور پاکستان میں پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی کو کم کرنے کیلئے اس کے استعمال کی مجموعی سطح پر حوصلہ شکنی ضروری ہے، صوبائی اور مقامی حکومتوں کا سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کو روکنے میں کردار بھی انتہائی کلیدی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پلاسٹک کے استعمال کو ترک کرنے میں عوام کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا تاکہ ملک سے آلودگی کا خاتمہ ہو سکے۔


