کے پی کے میں پی ٹی آئی کو اکثریت ملی ، دھاندلی کیخلاف تحریک میں ہم اکیلے ہیں، مولانا فضل الرحمن

اسلام آباد (انتخاب نیوز) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ الیکشن نتائج پر نواز شریف مجھ سے زیادہ پریشان ہیں، وہ چاہتے تھے کہ ن لیگ بھی اپوزیشن میں آکر بیٹھے اور حکومت پی ٹی آئی کو دے دی جائے۔ نجی ٹی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملین مارچ اور عوامی اسمبلی کا 9 مئی واقعے سے کوئی تعلق نہیں، 9 مئی واقعے پر ہم نے بھی احتجاج کیا تھا، پوری قوم نے ریاستی املاک پر حملوں کا نوٹس لیا تھا۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بتایا جائے الیکشن میں دھاندلی کی ہے یا نہیں؟ پیپلز پارٹی کو صوبائی حکومت ملی تھی اس کے باوجود وہ میدان میں آئے کہ دھاندلی ہوئی، آج پی ٹی آئی کو کے پی میں اکثریت ملی ہے تو انہیں بھی تسلیم کرنا چاہیے کہ دھاندلی ہوئی، تحریک میں جے یو آئی والے اکیلے ہیں، ہم اپنے اصول سے پیچھے ہٹنے پر تیار نہیں۔ سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور جمعیت میں بڑے فاصلے تھے، دیوار نہیں پہاڑ بیچ میں کھڑا تھا، اب تک نہ پی ٹی آئی نے اپنی پوزیشن تبدیل کی نہ ہم نے، پی ٹی آئی کے وفود تشریف لائے تھے ہم نے روایت کے مطابق ویلکم کیا، پی ٹی آئی وفود کی تجویز تھی ہم کچھ معاملات ٹھیک کرنا چاہتے ہیں، ہم نے کہا بسم اللہ، تحریک انصاف کے ایک دو لوگوں کے بیانات آجاتے ہیں ہم ان کا نوٹس نہیں لیتے، پی ٹی آئی سے معاملات بنتے ہیں تو بہت اچھی بات ہے نہ بنے تو ہر پارٹی کا موقف اور رائے ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے قبل ہمیں کوئی جلسہ نہیں کرنے دیا گیا، پشین کے حلقے میں گیا ہی نہیں، ٹانک اور ڈی آئی خان میں صرف ایک جلسہ کیا وہ بھی خوف کے ماحول میں، الیکشن کے دنوں میں 25،25 پولنگ اسٹیشن ایک ہفتے کے اندر تبدیل کیے گئے، چن چن کر وہ پولنگ اسٹیشن تبدیل کیے گئے جہاں ہماری اکثریت بن سکتی تھی، اسعد محمود کے حلقے میں 6 پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ ہوئی تو ہنگامے اور طالبان کے حملے شروع ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اور ن لیگ کی دوستی کچھ اس نوعیت کی ہے کہ ہم دوست رہنا چاہتے ہیں، ان کی کوشش ہے میں ان سے جا کر ملوں اور میری کوشش ہے وہ آکر ہم سے ملیں، میری کوشش ہے کہ وہ آکر ہم سے ملیں اور اپوزیشن میں بیٹھیں، اسمبلی کی تقریر میں بھی ن لیگ کو کہا کہ اپوزیشن میں آئیں اور اقتدار پی ٹی آئی کو دیں، پی ٹی آئی اکثریت بنالے گی جیسے پہلے بنالی تھی، اکثریت کے لیے لوگ مل جاتے ہیں، نواز شریف کو میری تجویز پر غور کرنا چاہیے، مجھے علم ہے کہ الیکشن نتائج پر مجھ سے زیادہ نواز شریف پریشان ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں