پی ٹی آئی میں آج ہر کوئی اپنے گھروں میں چیئرمین بنا بیٹھا ہے، وفاقی وزرا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔ خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، 9 مئی کے واقعہ کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے، احتساب ہونا چاہیے اور قوم کو حقائق سے آگاہی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ امن دشمنی کے خلاف افواج پاکستان اور سول ادارے جنگ لڑ رہے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو بحرانوں کا شکار کیا، تحریک انصاف نے آرمی چیف کی تقرری کو متنازع بنانے کی کوشش کی، آرمی چیف کی تقرری صرف وزیراعظم کا استحقاق ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ نو مئی کو باقاعدہ منصوبے کے تحت ادارے کی تکریم اور تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کی گئی، تحریک انصاف کے لوگ 9 مئی کے واقعات میں ملوث تھے، نو مئی کی سازش کے تانے بانے 2014ءسے شروع ہوئے تھے، وزیر دفاع نے کہا کہ نو مئی 25 کروڑ عوام کی انا کا مسئلہ ہے، نو مئی جنگوں میں قربانیاں دینے والوں کی انا کا مسئلہ ہے، ایبسلوٹلی ناٹ کہنے والے اب امریکی سفیر سے مل رہے ہیں، نو مئی کے تمام کرداروں کو سب جانتے ہیں۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں آج ہر کوئی اپنے اپنے گھر میں چیئرمین بنا بیٹھا ہے۔وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ عدلیہ سے گزارش کی ہے کہ 9 مئی کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائیں، کیا امر مانع ہے کہ عدالتیں ان کیسز کو منطقی انجام تک نہیں پہنچا رہیں، 9 مئی کے کیسز میں شواہد موجود ہیں، بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں ان کے خلاف کسی نے مقدمہ درج کیوں نہیں کیا؟

اپنا تبصرہ بھیجیں