کراچی میں 1843کی تعمیر کردہ عمارت کا زینہ زمین بوس، رہائشی ریسکیو کر لیے گئے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)لی مارکیٹ نپئیر تھانے کے قریب 1843کی تعمیر رہائشی عمارت کی بالائی منزل کا زینہ زمین بوس ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو رات گئے اولڈ سٹی ایریا نپئیر تھانے کے قریب لی مارکیٹ موتل بائی اسٹریٹ بھیم پورہ میں عبد الرحمان نامی تین منزلہ رہائشی عمارت کا زینہ زور دار دھماکے سے زمیں بوس ہوگیا جس کے باعث رہائشی افراد عمارت میں پھنس گئے۔ریسکیو کی ٹیم نے وقوعہ پر پہنچ کر عمارت کی بالائی منزل کے گھر میں موجود ضعیف العمر خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد اور چھت پر موجود جانوروں کو بحفاظت نیچے اتار لیا۔عمارت کے رہائشی شاہد حسین نے بتایا کہ عمارت اس کی دادی نے 1941 میں ایک ہندو سے خریدی تھی جن کے انتقال کے بعد ان کے تین بیٹوں صادق علی عبد الرحمان ، محمد علی اور انور علی کے نام کر دی گئی تھی ، اب تینوں بیٹوں کی 5 اولادیں اپنی فیملیز کے ساتھ عمارت میں رہائش پزیر ہیں۔ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ عمارت 1843 میں قائم کی گئی تھی عمارت کا زینہ خستہ ہونے کے باعث گرا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں