کراچی میں جماعت اسلامی کا غزہ ملین مارچ، ہزاروں افراد سڑکوں پر آگئے

کراچی (انتخاب نیوز) کراچی میں جماعت اسلامی کے غزہ ملین مارچ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور فضا لبیک یااقصیٰ کے نعروں سے گونج اٹھی۔ کراچی میں شارع فیصل پر نرسری کے مقام پر غزہ ملین مارچ ہوا جس میں مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) رہنماﺅں، اقلیتی نمائندگان، سول سوسائٹی سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اہل فلسطین اور تحریک مزاحمت حماس سے اظہار یکجہتی کیا۔ غزہ ملین مارچ میں خواتین اور بچوں کاجذبہ دیدنی تھا۔ مارچ کے موقع پر فضا لبیک یااقصیٰ کے نعروں سے گونج اٹھی، شرکا نے فلسطینی شہدا اور مزاحمت کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی نے پھرثابت کردیا ان کے دل اہل غزہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں،کراچی کے بےشمار مسائل ہیں لیکن یہ شہر زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر فلسطین کے حق میں لہر پیدا ہوگئی، اسرائیل پناہ گزین کیمپوں پر بمباری کررہا ہے کیونکہ امریکا اس کی پشت پر ہے لیکن حماس پیچھے نہیں ہٹے گی، مسلم ممالک ڈٹ جاتے تو غزہ میں اتنا قتل عام نہ ہوتا۔ ان کا کہنا تھاکہ محمد علی جناح نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا اسرائیل ناجائز ریاست ہے، فلسطینی شکست تسلیم کرنے کو تیار نہیں، پاکستانی حکمران بھی ہمت کا مظاہرہ کریں۔ غزہ ملین مارچ میں مقررین نے اقوام متحدہ سے جنگ بندی کیلئے موثرکردار اداکرنے کا مطالبہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں