انسداد پولیو مہم ،چمن میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر انٹرنیٹ سروس معطل
چمن (صباح نیوز)ملک بھر میں پولیو سے بچا ئوکی 5 روزہ مہم جاری ہے ،بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی، حکام کے مطابق تینوں یونین کونسلزمیں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور پولیس کی اضافی نفری پولیوٹیموں کی سکیورٹی پرتعینات کی گئی ۔ گزشتہ روز دھرنا کمیٹی نے مہم کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچا ئوکے قطرے پلوانے کو یقینی بنائیں۔ ڈاکٹر ملک مختار نے کہا کہ رواں برس اب تک پولیو وائرس سے 4 بچے متاثر ہو چکے ہیں، اور اس وائرس کی تصدیق مسلسل سیوریج کے نمونوں میں ہو رہی ہے، اس کا مطلب ہے کہ بچوں کو بدستور خطرات لاحق ہیں، حکومت عیدالاضحی سے قبل مہم شروع کر رہی ہے تاکہ وائرس کو لوگوں کے ساتھ جانے سے روکا جا سکے اور مزید بچے اس سے متاثر نہ ہوں۔


