سائفر کیس کے فیصلے نے تمام ڈرامہ بے نقاب کردیا،عمرایوب
سرگودھا (صباح نیوز)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ سائفر کیس کے فیصلے نے تمام ڈرامہ بے نقاب کردیا ، اب ثابت ہوگیا ہے کہ تحریک انصاف کیخلاف ریاست مخالف سازش کا بیانیہ بھی جھوٹا ہے ۔ انسداد دہشت گردی سرگودھا کی خصوصی عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائفر کیس ، کھودا پہاڑ چوہا بھی نہ نکلا ، چیونٹی بھی نہ نکلی ۔ انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ اور عدت کیس بھی ظلم کی انتہا ہے ، کچھ لوگ بانی پی ٹی آئی سے خوفزدہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں آئین اور قانون نہیں ہوگا وہاں اندھیر نگری ہوگی ، میں تو کہتا ہوں بس کر دو ہوش کے ناخن لو ۔تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدت کیس کے مقدمہ کی لمبی تاریخ دی گئی اسے مختصر کیا جائے ،جب تک بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں ملک سے بحران ختم نہیں ہوگا ، عمر ایوب میانوالی میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے دو مقدمات میں عدالت میں پیش ہوئے ، عدالت نے مقدمہ کی مزید سماعت آنے والی سوموار تک ملتوی کردی ، ایک تفتیشی افسر عدالت میں پیش نہیں جس کے باعث مقدمہ کی سماعت نہیں ہو سکی ، عمر ایوب نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے ۔


