وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت منشیات کے تدارک و عادی افراد کی بحالی سے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد
کو ئٹہ( آئی این پی)وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منشیات کے عادی افراد کی بحالی سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی، آئی جی پولیس،وزیر داخلہ اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سوشل ویلفیئر کے زیر انتظام قائم بحالی مراکز فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سیکرٹری سوشل ویلفیئر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی جو سات روز میں جامع تجاویز مرتب کرے گی،وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ کمیٹی نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے پچیس سو لوگوں کی رہائش و بحالی اقدامات تجویز کرے گی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ نشے کی لت میں مبتلا خواتین کی بحالی کے لئے علیحدہ سے مراکز قائم کئے جائیں، بحالی و علاج معالجے کے لئے آنے والی خواتین کے کوائف راز داری میں رکھے جائیں، منشیات کا زہر معاشرے میں تیزی سے پھیل رہا ہے، روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ناگزیر ہیں، فلاحی اداروں کی معاونت سے مزید بحالی مراکز قائم کریں گے، عادی افراد کی بحالی کے ساتھ منشیات فروشوں کا قلع قمع بھی ضروری ہے۔


