امریکا میں مسلح شخص نے چار خواتین سمیت 5 افراد کو قتل کرکے خودکشی کرلی
لاس ویگاس(صباح نیوز) امریکا میں فائرنگ کے واقعے میں 5 افراد ہلاک اور 13 سالہ لڑکی شدید زخمی ہو گئی، فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص نے بھی خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ نارتھ لاس ویگاس پولیس ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر انہوں نے شمالی لاس ویگاس کے ایک اپارٹمنٹ میں فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کے دوران دو خواتین کو مردہ پایا۔ علاقے کی تلاشی کی دوران ملحقہ اپارٹمنٹ سے بھی ایک مرداور دو خواتین کی لاشیں مزید لیں جبکہ ایک 13 سالہ لڑکی کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہو چکا تھا۔ پولیس نے مشتبہ حملہ آور 47 سالہ ایرک ایڈمز کی تلاش شروع کی، جس کے بارے میں اطلاع ملی کہ وہ نارتھ لاس ویگاس کے ایک تجارتی مرکز میں دیکھا گیا ہے۔ پولیس افسران نے مشتبہ شخص کا پیچھا کیا، لیکن مشتبہ شخص ایرک ایڈمز نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی اور ناکامی پر ایک گھر کے عقبی حصے میں خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ لاس ویگاس کے حکام نے ابھی تک اس واقعہ کے محرکات کا اعلان نہیں کیا ہے۔


