محسن نقوی اور چینی ہم منصب کی ملاقات سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی شہر نیویارک میں وزیر داخلہ پاکستان محسن نقوی اور چینی ہم منصب کیو آئی یانجن کے مابین ملاقات ہوئی جس دوران دونوں رہنمائوں نے پاک چین تعلقات اور سکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور چین کے تعاون سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی،وزرائے داخلہ کی ملاقات میں ٹریننگ اور جدید آلات و ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے بھی گفتگو کی اور اس بات پر اتفاق کی گیا کہ چین پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹریننگ اور صلاحیت بڑھانے میں تعاون کریگا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی ہم منصب کو داسو واقعہ پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔چینی وزیر داخلہ کیو آئی یانجن نے داسو واقعہ پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کردیا اور کہا کہ پاکستانی اداروں نے محنت کرکے اور پروفیشنل انداز میں اس کیس کوٹریس کیا، پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست ہیں اور یہ دوستی فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ چینی وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ(ایس پی یو)کے قیام کو سراہا اور ایس پی یوکی ٹریننگ سمیت دیگر امور میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ہم نے چینی شہریوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں، چین سے دوستی پر ہم سب کو فخر ہے ۔ چینی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کو ستمبرمیں گلوبل سکیورٹی فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کرلیا جبکہ محسن نقوی نے بھی چینی ہم منصب کودورہ پاکستان کی دعوت دی اور امید ظاہر کی کہ چینی وزارت داخلہ کاایڈوائزی گروپ جلدپاکستان کادورہ کریگا۔


