بیروزگاری کے خاتمے کیلئے انڈسٹری کے شعبے پر کام کرنے کی ضرورت ہے، زرین مگسی

کوئٹہ (آ ن لائن)مسلم لیگ(ن) کے رکن بلوچستان اسمبلی نوابزادہ زرین مگسی نے کہاہے کہ صوبائی حکومت نے تعلیم اور صحت کے بجٹ میں خاطرخواہ اضافہ کیاہے جس سے عوام کوتعلیم اورصحت کی سہولیات کی فراہمی میں مددملے گی ، وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی اورانکی ٹیم کی بہترین عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد کی مستحق ہے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو یہاں صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔رکن اسمبلی زرین مگسی نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میںنوجوان کاکردار بڑی اہمیت کاحامل ہوتا ہے بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگرنوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کانام روشن کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں انڈسٹری کے شعبے کو ترقی دیکرپڑھے لکھے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیداکئے جاسکتے ہیں ،صوبے میں بے روزگاری کے خاتمے کیلئے انڈسٹری کے شعبے پر خاطرخواہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی اورانکی ٹیم کو بہترین اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پرمبارکباد پیش کرتے ہیں مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت نے صوبائی بجٹ میں تعلیم اور صحت کے شعبے کیلئے خاطرخواہ رقم مختص کی ہے جس سے تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں میں عوام کو سہولیات کی فراہمی میں مددملے گی۔ایک سوال کے جواب میں زرین خان مگسی نے کہاکہ نصیرآباداورجعفرآباد کی طرح ضلع لسبیلہ بھی قدرتی آفات کی زد میں رہتا ہے ضلع لسبیلہ میں بھی قدرتی آفات سے بروقت نمٹنے کیلئے حکومت کوزیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں