سی ٹی ڈی کی کارروائی،کالعدم تنظیم کے2سہولت کارگرفتار
کراچی (صباح نیوز)محکمہ انسداد دہشت گردی سندھ(سی ٹی ڈی)نے سہراب گوٹھ سپر مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی مالی معاونت کرنے والے 2 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان میں حسن گل محسود اور بشیر احمد شامل ہیں، دونوں ملزمان کے نام تخریب کاروں کی سہولت کاری کرنے پر حکومت سندھ نے فورتھ شیڈول میں بھی نوٹیفائڈ کر رکھے ہیں۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے تخریب کاروں کے لیے فنڈنگ کی کثیر رقم برآمد ہوئی ، امیر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی ہدایت پر ملزمان نے فنڈنگ کی حاصل کردہ رقم میں سے 2 خودکار جدید 9ایم ایم پستول بھی خریدے تھے۔ دونوں پستول ملزمان کی نشاندہی پر برآمد کئے گئے ۔ترجمان کے مطابق ملزمان سپر مارکیٹ علاقہ تھانہ گلزار ہجری پر غیر قانونی ٹرک اڈہ چلا رہے تھے، اڈے سے حاصل ہونے والے منافع کی رقم سے تحریک طالبان پاکستان کے تخریب کاروں کی مالی معاونت کرتے ہیں۔ملزمان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی کراچی میں ٹیرر فنڈنگ و اسلحہ کے مقدمات درج کئے گئے۔


