ڈی سی کوئٹہ دو ماہ میں شہر کی جمعہ بندی کو مکمل کریں، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (آن لائن)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ ریونیو میں لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن سے متعلق جائزہ اجلاس یہاں پیر کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی وزرا میر عاصم کرد گیلو، علی مدد جتک، پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی، اراکین اسمبلی عبیداللہ گورگیج، عبدالصمد گورگیج، ملک نعیم خان بازئی، پرنس آغا عمر احمد زئی، سیکرٹری آئی ٹی ایاز خان مندوخیل، کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات جبکہ سینئر ممبر بورڈ آف ریوینو قمبر دشتی نے بعذریہ وڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس کو سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لینڈ ریکارڈ انفارمیشن مینجمینٹ سسٹم کے ذریعے فردات اور انتقالات کو ڈیجیٹائز کیا گیا ہے، اس نظام کے تحت ای اسٹیمپنگ، جی آئی ایس نظام اور ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن شامل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ نظام کے ذریعے کوئٹہ، جعفرآباد، پیشن اور گوادر میں ابتدائی طور پر ریوینو ریکارڈ کو ڈیجیٹائز کیا گیا ہے اور مذکورہ نظام کے ذریعے ان چار اضلاع میں ای سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہتر لینڈ ریکارڈ کے لئے جمعہ بندی ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی سی کوئٹہ دو ماہ میں کوئٹہ شہر کی جمعہ بندی کو مکمل کریں اور ستمبر کے اوائل میں کوئٹہ شہر کے لینڈ ریکارڈ کو مکمل ڈیجیٹائز کر دیا جائے وزیر اعلی نے کہا کہ جمعہ بندی کے لئے بندوبست اراضی کے دفتر کا تعاون ناگزیر ہے اور ایک ایسے مکینزم کی ضرورت ہے جس کے ذریعے لینڈ ریکارڈ کی درستگی کو یقینی بنایا جا سکے انہوں نے ہدایت کی کہ پٹواریوں کی بھرتی کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور مسائل کے حل کے لیے موثر تجاویز بھی پیش کی جائیں جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں