تعلقات کو مزید وسعت دینا ہوگی، شہباز شریف کی پیوٹن سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعطم شہباز شریف کی آستانا میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس میں شرکت کیلئے قازقستان کے دارالحکومت آستانا پہنچے جہاں ان کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات بھی ہوئی۔ ملاقات میں تجارت اورتوانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر پیوٹن سے ملاقات کرکے بہت اچھا لگا، پاکستان کے روس کے ساتھ باہمی تعلقات ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کوئی جغرافیائی سیاسی تبدیلی ہمارے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوسکتی، دونوں ممالک کے تعلقات مثبت سمت میں گامزن ہیں، ہمیں مستقبل میں اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینا ہوگی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس عرصہ دراز سے دوست ممالک ہیں، ہمیں مستقبل میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ وزیر اعظم نے روسی صدر سے کہا کہ میں آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہوں تا کہ تعلقات کو مزیدمستحکم بنایا جاسکے، ہم آپ کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور باہمی تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں، میری درخواست پر آپ نے پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ روس سے تیل کے سپلائی ہمیں موصول ہوئی ہے،ہم اس کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں، 60 اور70 کی دہائی میں ہم نے بارٹرسسٹم کے تحت تجارت کا آغاز کیا تھا، ہمیں مالیاتی اور دیگر بینکاری مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے، روس کے ساتھ بارٹرسسٹم کے تحت تجارت کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، روس کے ساتھ تجارت کو ایک ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے روسی انتخابات میں کامیابی پرپیوٹن کو مبارک باد بھی پیش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں