گوادر کی تعمیر و ترقی کیلئے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی مل کر کام کریں گے
گوادر (نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر گوادر میر جواد زہری کا چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر شریف میانداد کے دفتر کا دورہ۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر جواد احمد زہری نے چیئرمن میونسپل کمیٹی شریف میانداد گوادر سے شہر میں صفائی کی مجموعی صورتحال سمیت صفائی کے نظام میں مزید بہتری کے حوالے سے بات چیت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر جواد زہری نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گوادر مخدوم احمد سے میونسپل کمیٹی کے مستقل و ارضی ملازمین کی تفصیلات بھی طلب کی۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر جواد زہری اور چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر نے شہر میں صفائی، نکاسی آب کے قدرتی نظام و انفراسٹرکچر سمیت دیگر امور پر بات چیت بھی کی۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ گوادر اور میونسپل کمیٹی گوادر مل کر شہر کے نظام میں بہتری اور ترقی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔اس موقعے پر حق دو تحریک گوادر کے صدر بشیر ہوت، اے ڈی مائنز اینڈ منرلز ڈپارٹمنٹ اعظم عظیم و دیگر بھی موجود تھے۔


