عدت کیس ختم، عمران خان کی رہائی آج ہی ہونی چاہیے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد کی ایک ضلعی عدالت نے ہفتے کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف مرکزی اپیلیں منظور کرتے ہوئے سزائیں کالعدم اور ملزمان کو بری قرار دے دیا ہے۔فیصلہ آنے کے بعد پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدت کیس عمران خان کے خلاف آخری مقدمہ تھا اس لیے آج ہی ان کی رہائی ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان القادر ٹرسٹ کیس میں پہلے ہی ضمانت پر ہیں، جب کہ عدت کیس آخری مقدمہ تھا جس میں انھیں بری کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی بھی دیگر مقدمات میں ضمانت ہو چکی ہے۔بیرسٹر گوہر علی نے مزید کہا ان کی آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات ہوئی جنھوں نے سپریم کورٹ کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی پہلے ہی ضمانتیں ہو چکی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عدت کیس میں عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے میاں بیوی کی رہائی کا حکم بھی صادر کیا ہے۔’اس وقت عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف کوئی ایسا مقدمہ موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے انہیں زیر حراست رکھا جا سکے۔‘انہوں نے مطالبہ کیا کہ دونوں میاں بیوی کو ہر صورت آج ہی رہائی ملنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں