چمن اور ژوب سمیت مختلف علاقوں میں تیز آندھی، طوفانی بارشیں
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواﺅں اور آندھی کے ساتھ طوفانی بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ، سیلابی پانی گھروں اور دکانوں میں داخل، کوہ سلیمانی کے رینج چمن اور ژوب سمیت مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف علاقوں سے نقصانات کی اطلاعات ملی ہیں، ندی نالے بپھر گئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق خضدار، قلات، لسبیلہ، زیارت، آواران،ژوب، بارکھان اور حب میں بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کوہلو، موسی خیل، لورالائی، دکی، ہرنائی ، نصیر آباد، جعفر آباد اور صحبت پور میں بارشیں متوقع ہیں۔بارشوں کا سلسلہ 17 سے 19 جولائی تک جاری رہے گا، اس دوران شدید بارشوں سے کھڑی فصلوں، سولر پینلز اور کچے مکانات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے جب کہ بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آنے کا بھی خطرہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سیاح اور مسافر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیارکریں۔ صوبے کے تمام اضلاع میں امدادی سامان بھجوا دیا گیا ہے۔


