پاکستان مغرب کا غلام بن چکا، عوام کھڑے ہوجائیں تو انقلاب آجائے، مفتی تقی عثمانی
کراچی (آن لائن) معروف اسلامی اسکالر اور شیخ الحدیث مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا ہے ہر الیکشن میں دھاندلی کی باتیں ہوتی ہیں، عوام کھڑے ہو جائیں تو حکومت گھٹنے ٹیک دے گی‘ہم آئی ایم ایف کے غلام ہیں، ہمارا بچہ بچہ قرض دار ہے، ان حالات میں سیاسی نظام سے اسلامی نظام لانا مجھے مشکل لگتا ہے۔ایسے دشمنوںکی چیزوں کا بائیکاٹ کریں جو مسلمانوں کے گلے کاٹ رہے، فیصلہ تاجرکریں۔یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا زندگی کے ہر شعبے میں مغرب کو آئیڈیل بنا لیا گیا ہے، اللہ تعالیٰ نے ملک کو کتنے وسائل عطا فر مائے ہیں، کون سی قدرتی دولت ہمارے پاس موجود نہیں؟ ہم آج تک جھیل سیف الملوک کے راستے کو پکا نہیں کر سکے، انگریز ریلوے کی جو لائن ڈال گئے تھے، اس کے بعد کوئی لائن نہیں ڈالی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ غلطی کہاں ہوئی، جڑ کہاں ہے؟ ہم آئی ایم ایف کے غلام ہیں، اسی کے نتیجے میں آج ہمارا بچہ بچہ قرض دار ہے، ہم آئی ایم ایف کے بغیر نہیں چل سکتے، ان حالات میں سیاسی نظام کے ذریعے اسلامی نظام کا لانا مجھے مشکل لگتا ہے، دنیا میں انقلاب صرف حکومت کے ذریعے نہیں آتے، عوام کے ذریعے آتے ہیں۔


