وزیراعلی بلوچستان کیخلاف توہین عدالت کیس، درخواست گزار کو نئی پٹیشن دائر کرنے کا حکم

کوئٹہ( این این آئی) بلو چستان ہائیکورٹ نے ترجمان بلوچستان حکومت کی تعیناتی کے خلاف آئینی درخواست پر سماعت کے دوران درخواست گزار کو نئی پٹیشن دائر کرنے کا حکم دے دیا۔ منگل کو بلوچستان ہائی کورٹ نے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے خلاف توہین عدالت کی دائر آئینی درخواست نمٹا دی ،کیس کی سماعت جسٹس اعجاز احمد سواتی اور جسٹس محمد عامر رانا پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی ،عبدالصادق خلجی ایڈوکیٹ نے بلوچستان حکومت کاترجمان مقرر کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی دوران سماعت عدالت نے درخواست گزارکو اس متعلق نئی آئینی درخواست دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ فیصلے کے تناظر میں درخواست دائر نہیں کی جا سکتی ،جس پر درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ آئینی طور پر ترجمان بلوچستان حکومت تعینات نہیں،گزشتہ سال بھی میری درخواست پر عدالت نے معاونین اور کو آرڈینیٹروں کی تعیناتی کے خلاف فیصلہ دیا تھا ، اسی تناظر میں ترجمان بلوچستان حکومت کی تعیناتی کو چیلنج کیا تھا عدالت نے نئی درخواست دائر کرنے کا حکم دیا ہے۔سماعت کے بعد بلوچستان ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے درخواست گزار صادق خلجی ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت نے نئی آئینی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی ہے آئینی طور پر حکومت ترجمان مقرر نہیں کرسکتی ،وزیر اعلیٰ کی لیگل ٹیم نے اس طرف توجہ نہیں دی اس حوالے سے جلد ہی توہین عدالت کی نئی درخواست دائر کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں