دشمن کیجانب سے فوجی سازو سامان کی خریداری سے لاعلم نہیں: سربراہ پاک فضائی
اسلام آباد : سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ دشمن کیجانب سے فوجی سازو سامان کی خریداری سےلا علم نہیں، دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں پاک فضائیہ بری اور بحری افواج کے ہمراہ بھر پور اندازمیں جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔تفصیلات کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے اسکردو میں واقع پی اے ایف بیس قادری کا دورہ کیا اور بیس پر جاری مختلف آپریشنل سرگرمیوں بشمول جنگی جہازوں اور عملے کی فوری تعیناتی کا معائنہ کیا۔سربراہ پاک فضائیہ کو بیس پر جاری تعمیراتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی، انہوں نے عملے کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور تیزی سے جاری تعمیراتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ خطے کی جیو اسٹریٹیجک صورتحال سے بخوبی آگاہ ہے، ہم دشمن کی جانب سے اسلحہ اور فوجی سازو سامان کے حصول کی دوڑ سے غافل نہیں اور روایتی جنگ میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ائیر چیف نے قوم کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں، پاک فضائیہ بری اور بحری افواج کے ہمراہ بھر پور اندازمیں جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔


