شوگر ملز مالکان حکومت سے مزید 12 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت کیلئے سرگرم
اسلام آباد (انتخاب نیوز) شوگرملز مالکان حکومت سے ڈیڑھ لاکھ ٹن چینی کی برآمد کیلئے اجازت ملنے کے بعد دوبارہ سرگرم ہوگئے اور حکومت سے مزید 12 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کیلئے اجازت دینےکا مطالبہ کردیا۔ شوگرملز ایسوسی ایشن کے مطابق چینی کے اضافی اسٹاک سےدرپیش مالی مسائل بے قابو ہوتے جا رہے ہیں اور انڈسٹری کو چینی کی پیداواری لاگت میں اضافے پر نقصان کاسامنا ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پچھلے کرشنگ سیزنز کے فاضل ذخیرہ رکھنے کے اخراجات سے بھی بھاری نقصان کاسامنا ہے، چینی کی بین الاقوامی قیمتیں مسلسل نیچے گر رہی ہیں، پالیسی فیصلہ نہ ہونے سے ملک کو پہلے ہی 30 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت سے تصدیق شدہ 12 لاکھ ٹن اضافی اسٹاک کی برآمد کیلئے اجازت کی درخواست کرتے ہیں، نومبر کے آخر تک اضافی اسٹاک بڑھ کر 15 لاکھ میٹرک ٹن ہو جائے گا اور آنے والے کرشنگ سیزن میں بہت کم وقت رہ گیا ہے۔


