چیف جسٹس کو دھمکیاں دینے کا معاملہ،نائب امیر ٹی ایل پی ظہیر الحسن شاہ گرفتار
اوکاڑہ(صباح نیوز)چیف جسٹس کو دھمکی دینے کے معاملے پر پولیس نے نائب امیر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) ظہیر الحسن شاہ کو گرفتار کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ظہیر الحسن شاہ کو اوکاڑہ سے گرفتار کیا گیا ہے، ظہیر الحسن شاہ اوکاڑہ میں نامعلوم مقام پر چھپے ہوئے تھے۔یاد رہے کہ پیر کو چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسی کو جان سے مارنے کی دھمکی پر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے رہنما ظہیر الحسن شاہ کے خلاف لاہور کے تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، مذہبی منافرت، فساد پھیلانے، عدلیہ پر دبا وڈالنے، اعلی عدلیہ کو دھمکی،کار سرکار میں مداخلت اور قانونی فرائض میں رکاوٹ ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پریس کلب کے باہر احتجاج سے پیر ظہیر الحسن نے اعلی عدلیہ کے خلاف نفرت پھیلائی، ٹی ایل پی کے نائب امیرسمیت 1500 کارکن پر مقدمہ اسٹیشن ہاوس افسر (ایس ایچ او) حماد حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پریس کلب کے باہر احتجاج میں پیر ظہیر الحسن نے اعلی عدلیہ کے خلاف نفرت پھیلائی جس پر ٹی ایل پی کے نائب امیر سمیت 1500 کارکنوں پر مقدمہ درج کیا گیا ہے


