بیروت اور تہران میںحملے کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں، اقوام متحدہ
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا ہے کہ بیروت اور تہران میںحملے کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔اقوام متحدہ کے سر براہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہاکہ سیکرٹری جنرل کا خیال ہے کہ ہم نے بیروت اور تہران میں جو حملے دیکھے ہیں وہ کشیدگی میں خطرناک حد تک اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ اس وقت غزہ میں جنگ بندی کی فوری ضرورت ہے تاکہ صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے غزہ میں مستقل جنگ کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ اس انتہائی حساس وقت میں نہ صرف تحمل کا مظاہرہ کرنا ہو گا بلکہ کشیدگی کو پھیلنے سے بھی روکنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ طویل مدتی امن اور استحکام کے لئے علاقائی کشیدگی کو کم کرنے کے لئے بھرپور طریقے سے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو فوری طور پر ایسے کسی بھی اقدام کو روکنے کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے جو پورے مشرق وسطیٰ کو جنگ کے دہانے کی طرف دھکیل سکتا ہے اور جس کے اس علاقے کی آبادی پر تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرنے کے لئے سفارتی سطح پر جامع کوششیں کی جائیں۔


