ڈی آئی خان، فائرنگ کے مختلف واقعات میں خواتین سمیت 3 افرادقتل

ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)ڈیرہ اسماعیل کے علاقہ مقیم شاہ ، منور گارڈن کورائی اور دین پور میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک عورت سمیت 3افراد قتل کردیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کی حدود میں نامعلوم ملزمان نے مقیم شاہ میں حاجی ملک الٰہی بخش کی اراضی میں فائرنگ کرکے 18سالہ نوجوان محمد زبیر ولد الطاف کانجو کو قتل کردیا، تھانہ صدر میں مقتول کے والد نے اس واقعہ کی رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے، دوسرے واقعہ میں تھانہ ڈیرہ ٹائون میں کمار خان بیٹنی ولد نیاز خان سکنہ کوٹ گلان ضلع ٹانک حال منور گارڈن کورائی نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ میرے چچا زاد بھائی طارق شاہ نے عرصہ دو سے تین سال قبل ذوجہ مسماة زاہدانہ بی بی دختر مہربان سکنہ منور گارڈن کورائی سے بھگا کر شادی کی تھی اور میرے گھر منور گارڈن کورائی میں رہائش پذیر تھا، گزشتہ روز میں اور میرا چچا زاد طارق شاہ بیٹنی گھر کے قریب واقع مسجد اللہ والی سے عصر کی نماز پڑھنے کے بعد باہر نکلے اس دوران جونہی ہم مسجد کے ساتھ گلی میں داخل ہوئے تو ہمارے سامنے مہربان ولد شاہ محمد اور کرامت اللہ ولد گل بت خان اقوام بیٹنی سکنائے کوٹ گلان ضلع ٹانک مسلح با پستول موٹرسائیکل کھڑے تھے ،جنہوں نے اپنے اپنے پستول تان کر چچازاد پر بانیت قتل فائرنگ کردی جس سے لگ کر طارق شاہ بیٹنی موقع پر جاں بحق ہوگیا، ارتکاب جرم کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، وجہ عداوت مسماة زاہدہ بی بی کو بھگا کر لے جا کر شادی کرنے کی رنجش پر ہوا، تیسرے واقعہ میںتھانہ کینٹ کی حدودعلاقہ دین پور میں گھر کے اندر 24سالہ مسماة سمیرا ذوجہ معوذبلوچ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، واقعہ کی اطلاع پر مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں