لیاری میں کینڈل واک”بلوچ راجی مچی” کے جاں بحق کارکنوں کو خراج عقیدت
کراچی ( نمائندہ انتخاب ) بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی نے جمعرات کی شام کو "بلوچ راجی مچی” گوادر میں شرکت کے دوران جاں بحق اور زخمی ہونے والے سیاسی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور انکی یاد میں کینڈل واک اور شمع روشن کیے گئے۔ لیاری کے علاقے آٹھ چوک سے کینڈل واک کا آغاز ہوا اور بلوچ چوک چاکیواڑہ تک اختتام پذیر ہوا۔ واک میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ ان کے ہاتھوں میں روشن شمعیں اٹھائے ہوئے تھے جان بحق اور زخمی کارکنوں کو بھرپور طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں "راجی سوگندی دیوان” کا بھی انعقاد کیا گیا۔ کینڈل واک کی قیادت بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کی رہنما فوزیہ بلوچ اور مرکزی آرگنائزر لالہ وہاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مقررین نے کہاکہ نوشکی میں حمدان بلوچ کو گولیوں کانشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے ان کی موت ہوئی۔ ایف سی نے ریاستی جبر کرکے رابجی مُچّی میں شریک کارکنوں کو نشانہ بنایا ایک سو سے زائد زخمی اور 4 جان بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی دھرنا گوادر میں جاری ہے جبکہ تربت، نوشکی، کوئٹہ، دالبندین سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع میں دھرنے جاری ہیں۔ مقررین نے کہا کہ راجی مُچّی مکمل طورپر ایک پُرامن اور جمہوری جدوجہد کا تسلسل ہے،لیکن ریاست نے رکاوٹیں کھڑی کرکے بلوچ عوام کو آئین و قانون کے اندر رہتے ہوئے بھی آواز بلند کرنے کی ناکام کوشش کی گئی ،لیکن گوادر اور بلوچ عوام نے ثابت کرکے دکھایا کہ بلوچ اپنی سرزمین کیلئے متحد ہیں۔