لاپتہ افراد کیس، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن رپورٹ سمیت طلب

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق کیس میں جے آئی ٹیز اور صوبائی ٹاسک فورس کو اجلاس کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو رپورٹ کے ساتھ طلب کر لیا۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں 15 سے زائد لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔لاپتہ شہریوں کے اہلخانہ، مومن آباد سے لاپتہ شہری کی والدہ اور وکلا سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔عدالت میں لاپتہ افراد سے متعق رپورٹ پیش کی گئی جس کے مطابق لاپتہ شہری فرمان الہی اور محمد طحہ پولیس کو مطلوب تھے۔مومن آباد سے لاپتہ شہری کی والدہ نے عدالت میں دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ 13سال سے عدالتوں اور تھانوں کے دھکے کھا رہی ہوں، مجھے انصاف چاہیے، مجھے میرا بیٹا واپس چاہیے، اگر میرا بیٹا مجرم ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے۔دیگر لاپتہ افراد کے اہلخانہ نے کہا کہ مظفر علی خان سرجانی ٹائون، محمد عارف ڈاکس کے علاقے سے لاپتہ ہے۔عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ شہری کی بازیابی کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹیز کے 25 اجلاس ہو چکے ہیں، شہری کا کوئی سراغ نہیں ملا۔عدالت نے شہری کی عدم بازیابی پر تفتیشی افسران پر اظہار برہمی کرتے ہوئے شہریوں کی ایف آئی اے سے تازہ ٹریول ہسٹری حاصل کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے محمد فیصل سمیت دیگر شہریوں کی بازیابی کے لیے کارروائی کا بھی حکم دیا۔بعد ازاں عدالت نے درخواستوں کی مزید سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں