کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا
کوئٹہ (صباح نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوش گوار ہوگیا ،سخت گرمی کے بعد بارش سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت دیگر علاقوںمیں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے شروع ہوا ہے۔کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے پارکوں کا رخ کرلیا۔ شہریوں کا کہنا تھاکہ موسم گرماکی بارش سے گردغبار کا بھی خاتمہ ہوا ہے بارش سے جہاں ایک جانب موسم خوشگوار ہوا وہاں نزلہ زکام اور بخارجیسی موسمی بیماریوں کا بھی خاتمہ ممکن ہوگا۔ دوسری جانب بلوچستان کے متعدد اضلاع میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، خضدار، لورالائی، سبی، ژوب اور مسلم باغ میں موسلا دھار بارش نے رنگ جما دیا۔زیارت، بارکھان، کوہلو، نصیر آباد، جھل مگسی اور جعفرآباد میں بھی کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا،بلوچستان میں ندی نالوں میں طغیانی سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، فصلیں اور رابطہ سڑکیں تباہ ہو گئیں۔چمن، توبہ اچکزئی، زیارت، قلعہ عبداللہ، توبہ کاکڑی میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ، چمن میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، بارشوں سے کچے مکانات متاثر ہوگئے جبکہ تیز ہوائوں سے سائن بورڈ اڑ گئے، بجلی کے کھمبے گر گئے اور درخت اکھڑ گئے۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 2 سے 3 روز تک جاری رہ سکتا ہے، متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔


