کراچی میں اسکوٹی پر سوار خاتون کو ڈمپر نے کچل دیا

کراچی (صباح نیوز)کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں اسکوٹی پر سوار خاتون بارش کے پانی میں سلپ ہوگئیں اور اس دوران پیچھے سے آنے والے ڈمپر نے خاتون کو کچل دیا۔کراچی میں مسلسل دوسرے روز اندوہناک ٹریفک حادثات دیکھے گئے، گزشتہ روز کارساز کے مقام پر تیز رفتاری گاڑی کی ٹکر سے باپ بیٹی جاں بحق اور 5 افرد زخمی ہوگئے تھے۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں اسکوٹی پر سوار خاتون سڑک پر موجود بارش کے پانی کے باعث سلپ ہوگئیں، اس دوران پیچھے سے آنے والے ڈمپر نے خاتون کو کچل دیا، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔پولیس نے بتایا ہے کہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، ڈمپر کو تحویل میں لے لیا گیا جب کہ خاتون کی لاش کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، متوفیہ شانتی نگر بشیر ولیج کی رہائشی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، جس کے نتیجے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے جب کہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں