حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، قانون سازی مسلمہ عمل ہے،وزیر خارجہ

اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، قانون سازی مسلمہ عمل ہے، بعض قوانین کے حوالے سے ہمارا ایک موقف ہے، اپوزیشن کا ایک دوسرا موقف ہے، ایف اے ٹی ایف، نیشنل سیکورٹی اور نیب سے متعلقہ مسودے اپنے اپوزیشن کے دوستوں کو بھجوا دئیے ہیں امید ہے ہم بل بیٹھ کر گفت و شنید کرینگے، جنہوں نے ملک کو بے دردی سے لوٹا ہے انہیں کٹہرے میں لانا جانا چاہیے۔ پیر کو ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں جبکہ قانون سازی ایک مسلمہ عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ بعض قوانین کے حوالے سے ہمارا ایک موقف ہے جبکہ اپوزیشن کا ایک دوسرا موقف ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے اور اپوزیشن کے درمیان نکتہ نظر کے درمیان فرق کو مل بیٹھ کر طے کرنے اور بہتر قانون سازی کیلئے 24 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل پا چکی ہے،اس پارلیمانی کمیٹی کا ایک اجلاس ہو چکا ہے، دوسرا بھی عنقریب ہو گا،ہم نے ایف اے ٹی ایف، نیشنل سیکورٹی اور نیب سے متعلقہ مسودے اپنے اپوزیشن کے دوستوں کو بھجوا دئیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے توقع ہے کہ اپوزیشن کے احباب فراخ دلی کے ساتھ ان مسودوں کو دیکھیں گے اور پھر ہم مل بیٹھ کر اس پر گفت و شنید کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس ملک میں بہتر قانون سازی کے ذریعے کرپشن کی بیخ کنی چاہتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ کرپشن کے نام پر کسی کی عزت نہ اچھالی جائے۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن قوانین کا مقصد کسی کو ناجائز تنگ کرنا نہیں ہے لیکن وہ لوگ جنہوں نے اس ملک کو بیدردی سے لوٹا ہے انہیں کٹہرے میں لایا جانا چاہیے لہذا ہماری کوشش یہی ہے کہ ایک ایسا قانون ہونا چاہیے جو ان دونوں پیمانوں پر پورا اترتا ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں