کراس بارڈر قوم منتقلی، بوناراست کنیکٹیوٹی منصوبہ ایک تاریخی سنگ میل ہے، وزیراعظم
اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بوناراست کنیکٹیوٹی منصوبہ ایک تاریخی سنگ میل ہے جس سے پاکستان کی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے انفراسٹرکچر کو وسعت ملے گی، اس منصوبے سے تارکین وطن جدیدٹیکنالوجی کے ذریعے شفاف اور موثر اندازمیں رقوم کی منتقلی کر سکیں گے، اس منصوبے سے حوالہ اور ہنڈی کا خاتمہ ہوگا، ترسیلات زر میں اضافہ اور کاروبار کو فروغ ملے گا،زراعت ، معیشت ، آئی ٹی اور دیگر شعبہ میں بہتری کے 5 سالہ ہوم گراﺅنڈ اکنامک پروگرام کا باضابطہ اعلان کرنے جا رہے ہیں۔وہ جمعرات کو بونا-راست کنیکٹیوٹی منصوبے کے نفاذ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔وزیراعظم نے کہاکہ بوناراست کنیکٹیوٹی منصوبہ پاکستان کاپہلاسرحد پار رقوم کی منتقلی کانظام ہے جس سے عرب ممالک سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے رقوم کی منتقلی شفاف اور موثر اندازمیں ہو سکے گی۔ اس منصوبے کے نفاذ کے لئے وزیر خزانہ ، گورنر سٹیٹ بینک، کار انداز اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کے مشکور ہیں۔ یہ بہت اہم منصوبہ ہے کیونکہ اس سے پاکستان کی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے انفراسٹرکچر کو وسعت ملے گی۔


