اسرائیلی حملوں میں 20 سے زائد فلسطینی جاں بحق، یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول سکتے ہیں

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج نے دیرالبلح اور خان یونس پر حملوں میں اضافہ کردیا، صبح سے اب تک مزید 20 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔ المغازی ریفیوجی کیمپ میں بمباری سے تین فلسطینی شہید ہوئے۔ اقوام متحدہ دیرالبلح سے اسرائیلی فوج کے انخلا کے حکم کے بعد غزہ کےلیے امدادی آپریشن روکنے پر مجبور ہوگیا۔ بچوں اور خواتین سمیت لاکھوں فلسطینی امدادی خوراک سے محروم ہوگئے۔ اقوام متحدہ نے اپنا امدادی آپریشن سینٹر رفح کے بعد دیرالبلح منتقل کردیا تھا۔ اسرائیل نے صرف گزشتہ 6 دن میں بے گھر فلسطینیوں کو پانچ مرتبہ انخلا کے احکامات جاری کیے۔ علاوہ ازیں یہودی آبادکار آنے والے ہفتوں میں مسجدِ الاقصیٰ پر غیر قانونی دھاوا بول سکتے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکومت مسجد الاقصیٰ پر یہودی قابضین کے غیر قانونی دھاوے کو مالی معاونت کرے گی۔ یہودی آبادکاروں کی مدد کےلیے اسرائیلی وزارتِ میراث پانچ لاکھ 45 ہزار امریکی ڈالر مختص کرے گی۔ اسرائیلی وزارتِ میراث مسجدِ الاقصیٰ پر غیر قانونی دھاوے کے سلسلے میں پولیس اجازت کےلیے قومی سلامتی کی وزارت سے رابطے میں ہے۔ اسرائیلی آرمی ریڈیو کو انٹرویو میں اسرائیلی وزیر قومی سلامتی بین گویر نے مسجدِ اقصیٰ کے اندر یہودی عبادت گاہ تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں