آرمی چیف کی قیادت میں بلوچستان سمیت پورے پاکستان سے دہشتگردی کا سرکچلا جائے گا، شہباز شریف
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔کوئٹہ میں نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2018 کے بعد سے دہشت گردی نے دوبارہ سراٹھایا ہے جس کا سر کچلا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں بہت دلخراش واقعہ ہوا ہے۔’بلوچستان واقعے پر سب غمزدہ ہیں لیکن ہم مصمم ارادے کے ساتھ دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’افواج پاکستان، سکیورٹی فورسز اور سویلین کا لہو رائیگان نہیں جائے گا۔‘وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف اور وزیراعلیٰبلوچستان کی قیادت اور وفاقی حکومت کے تعاون سے تخریب کاری کو ختم کرنا ہے۔’پاکستان کے خوبصورت صوبے کی ترقی کی راہ میں تمام رکاوٹیں دور کریں گے۔‘قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے تھے۔وزیراعظم آفس کے میڈیاو نگ سے جاری بیان کے مطابق دورے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔کوئٹہ ائیرپورٹ پہنچنے پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، سپیکر بلوچستان اسمبلی عبد الخالق اچکزئی، صوبائی وزیر عبد الرحمٰن کھیتران اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے استقبال کیا۔


