آزادی صحافت پر قدغنوں کاسلسلہ آج بھی جاری ہے ،پشتونخوامیپ
کوئٹہ(یو این اے )پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آزادی صحافت پر قدغنوں کاسلسلہ آج بھی جاری ہے ، پریس کلب میں سیمینارز ، پریس کانفرنسز ودیگرپروگراموں سے متعلق ضلعی انتظامیہ کی اجازت نامہ اور پابندیاں دراصل آزادی اظہار رائے اور ملکی آئین کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پہلے ہی پرنٹ والیکٹرونک میڈیا پر مختلف حربوں سے پابندیاں عائد کرتی چلی آئی ہے اور اب پریس کلب میں کسی بھی سیمینار ، پریس کانفرنس یا پروگرام کے انعقاد کے حوالے سے ڈپٹی کمشنرسے اجازت نامہ لینے کے احکامات میڈیا کی آزادی کی پائمالی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پریس کلب میں ملک کے ہر شہری کو اظہار رائے کی آزادی کا حق حاصل ہے۔ اظہار رائے کیلئے انتظامیہ کی اجازت ملکی آئین کی پائمالی ہے پارٹی اظہار رائے پر حکومت کی جانب سے پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔ اور اظہار رائے کے حوالے سے انتظامی حکم فوری منسوخی کا مطالبہ کرتی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں پریس اور الیکٹرانک میڈیا کے حوالے سے ایک صوبے کے خبروں کو دوسرے صوبے کے لوگوں کو آگاہی نہ دینا از خود سخت ترین خلاف ورزی ہے ۔ ہمارے صوبے میں تازہ حکم آئین کی پائمالی کے سوا کچھ نہیں اور پارٹی آئین کی پائمالی کی صورت میں اجازت نہیں دے گی۔


