پاکستان کا کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کا کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں، افغان حکومت تخریب کاروں کیخلاف کارروائی کرے، افغان حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ علاقائی شراکت داروں کی مشاورت کے بغیر نہیں کریں گے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ افغان حکومت سے پاکستانی شہریوں کے قتل عام میں ملوث ٹی ٹی پی سمیت دیگر تخریب کار گروہوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے بارہا افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال کا معاملہ اٹھایا ہے، افغانستان میں تخریب کار گروہوں کی موجودگی اقوام متحدہ سمیت متعدد عالمی اداروں سے ثابت ہے، پاکستان نے افغانستان کو تخریب کاری پر انٹیلی جنس معلومات فراہم کی ہیں تاہم پاکستان اور افغانستان کے درمیان تخریب کاری پر انٹیلی جنس شیئرنگ کے حوالے سے معلومات جاری نہیں کرسکتے۔ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان متعدد رابطے کے چینلز موجود ہیں جہاں پر تخریب کاری پر شواہد کا افغانستان کے ساتھ تبادلہ کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں