جسٹس طارق جہانگیری کی ڈگری کا معاملہ،سندھ ہائیکورٹ نے جامعہ کراچی سنڈیکیٹ کا فیصلہ معطل کردیا

کراچی(آئی این پی )سندھ ہائی کورٹ نے جامعہ کراچی کی ان فئیر مینز کمیٹی کی سفارشات اور سنڈیکیٹ کا اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیر کی ڈگری منسوخ کرنے کا فیصلہ معطل کردیا۔ عدالت نے کراچی یونیورسٹی کو اس حوالے سے مزید اقدامات کرنے سے روکتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل ، ایڈووکیٹ جنرل سندھ و دیگر کو نوٹس جاری کردئیے۔عدالت نے فریقین سے تین ہفتوں میں تفصیلی جواب بھی طلب کرلیا۔واضح رہے کہ 31 اگست کو جامعہ کراچی کے سنڈیکیٹ نے اپنی ان فیئر مینز( یو ایف ایم) کمیٹی کی سفارش پر ایک ہائی کورٹ کے جج کی ڈگری اور انرولمنٹ منسوخ کر دی تھی۔ یہ فیصلہ اکیڈمک اور سنڈیکیٹ کے رکن ڈاکٹر ریاض احمد کی حراست کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا جنہیں پولیس نے اہم اجلاس میں شرکت سے روکنے کی کوشش کے طور پر اٹھالیا تھا۔یونیورسٹی کے شعبہ اپلائیڈ کیمسٹری کے ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ریاض کو تب ہی رہا کیا گیا جب سنڈیکیٹ نے ڈگری منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔سنڈیکیٹ کا اجلاس ڈاکٹر ریاض کے بغیر ہوا اور دیگر فیصلوں کے علاوہ ڈگری کی منسوخی کی منظوری دی گئی۔کے یو کی پریس ریلیز کے مطابق اراکین نے کے یو ان فیئر مینز کمیٹی کی سفارشات کی بھی منظوری دی جنہوں نے غیر اخلاقی اور نازیبا کاموں میں ملوث پائے جانے والے امیدواروں کی ڈگری اور انرولمنٹ کارڈ منسوخ کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔تاہم پریس ریلیز میں کسی امیدوار کا نام نہیں بتایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں