کارساز حادثے کی ملزمہ کی ضمانت منظور ، متاثرین کا معاہدہ، 5 کروڑ روپےسے زائد دیت ادا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کارساز حادثے کی ذمہ دار ملزمہ نتاشہ دانش اور اس کے نتیجے میں جان سے جانے والے دونوں افراد کے لواحقین درمیان معاملات طے پاگئے۔میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ نے بتایا کہ نتاشہ کے اہلخانہ نے متوفی عمران عارف اور آمنہ عارف کے اہلخانہ کو ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد دیت کے طور پر رقم ادا کی گئی ہے۔ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ رقم کی ادائیگی پے آرڈر کے ذریعے کی گئی، ملزمہ کی جانب سے جاں بحق افراد کے کسی رشتے دار کو کمپنی میں ملازمت بھی دیے جانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کے ساتھ بھی ملزمہ کی صلح ہوگئی اور زخمیوں کو الگ سے رقم ادا کردی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ فریقین کے درمیان دیت کا معاہدہ شرعی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔جاں بحق افراد عمران عارف اور آمنہ عارف کے ورثا کی جانب سے حلف نامہ بھی تیار کروالیا گیا ، حلف نامے آج ملزمہ کی درخواست ضمانت کی سماعت میں پیش کیے جائیں گے ، ورثا کی جانب سے ملزمہ کی درخواست ضمانت پر تصدیق نامہ عدم اعتراض جمع کروایا جائے گا۔حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ ہمارے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں ہم نے ملزمہ کو معاف کر دیا ہے، ہم نے اللہ کے نام پر معاف کیا ہے جو بڑا مہربان اور نہایت رحم والا ہے۔متاثرہ فیملی کے حلف نامے میں کہا گیاہے کہ ملزمہ کو ضمانت دینے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، جو حادثہ ہوا تھا وہ جان بوجھ کر نہیں کیا گیا، ہم نے بغیر کسی دباؤ کہ یہ سرٹیفکیٹ دیا ہے، ہم نے حلف نامے میں جو کچھ کہا ہے بالکل درست کہا ہے۔عمران عارف کے بیٹے اسامہ عارف اور بیٹی کی جانب سے بھی این او سی جمع کرائے جائیں گے۔یاد رہے کہ ملزمہ نتاشا دانش نے 19 اگست کو نشے کی حالت میں اپنی ٹویوٹا لینڈ کروزر کو لاپرواہی سے چلا کر 60 سالہ عمران عارف اور ان کی بیٹی 22 سالہ آمنہ کو قتل جبکہ تین افراد کو زخمی کردیا تھا۔ملزمہ کا تعلق امیر کبیر صنعتکار گھرانے سے سامنے آنے کے بعد اس واقعے نے سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے کو جنم دیا تھا۔حادثے میں باپ بیٹی کی موت پر ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے حراست میں لے لیا گیا تھا اور یورین ٹیسٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ حادثے کے وقت ملزمہ آئس کے زیر زثر تھی۔ملزمہ کو حادثے کے بعد ہوئی پہلی سماعت میں وکیل اور ڈاکٹر نے نفسیاتی مریضہ قرار دیا تھا، تاہم بعد میں جاری کردہ رپورٹ میں ماہر نفسیات نے تصدیق کی تھی اسے کوئی ذہنی مسئلہ لاحق نہیں ہے۔کراچی کی مقامی عدالت نے کارساز ٹریفک حادثے میں فریقین کے درمیان معاملات طے پانے کے بعد ملزمہ کی ضمانت منظور کرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں