ژوب میں پولیوکا 1اور کیس، وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی، ڈی جی ہیلتھ

کوئٹہ (آن لائن) ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر امین اللہ مندوخیل نے ژوب میں پولیو کیس کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔گزشتہ روز ژوب سے پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا تھا یہ رواں سال ضلع سے پولیو کا دوسرا کیس ہے۔ پولیو کا نیا کیس سامنے آنے کے بعد ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر امین مندوخیل نے ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ ژوب ڈاکٹر عظیم شاہ کی سربراہی میں چھ رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی جس میں ڈبلیو ایچ او، یونییسف اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور ڈی جی ہیلتھ دفتر کے نمائندے شامل ہوں گے۔ کمیٹی ژوب میں انسداد پولیو مہم کی کم کوریج کی وجوہات، ہیلتھ سینٹرز میں ویکسین کے اسٹاک، انہیں محفوظ رکھنے کی سہولیات اور دیگر امور سے متعلق تحقیقات کرے گی اور خامیوں اور ذمہ داروں کی نشاندہی کرے گی ۔ کمیٹی کو تین دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے-اس کے علاوہ پروانشنل ڈیزیز سرویلنس یونٹ کو بھی الگ رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے-