کوئٹہ شہر میں امن وامان کی ابتر صورتحال کےخلاف کل احتجاجی مظاہرہ ہوگا، پشتونخواہ میپ

کوئٹہ (آن لائن) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں بدترین بدامنی ،امن وامان کی ابتر صورتحال کےخلاف کل احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے ہر علاقے میں شہری اس وقت عدم تحفظ کے سنگین مسئلے سے دوچار ہیں ، مختلف ناموں سے سرگرم گروپس چوری ، ڈکیتی، بھتہ خوری ،منشیات فروشی ، عزت مند شہریوں کو تنگ وہراساں اور ان کی تضحیک کرنے سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہیں جن کی پارٹی مسلسل نشاندہی کرتی چلی آرہی ہے۔ کوئٹہ شہر کے بالخصوص نواں کلی ، ہنہ اوڑک بائی پاس پر موٹر سائیکلز ریلیوں کے نام پر سماج دشمن عناصر منفی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جس کا تدارک حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ذمہ داریوںمیں شامل ہیں ۔ پارٹی کے ضلع کوئٹہ کے تمام تحصیلوں ، علاقائی یونٹوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آج بروز جمعہ 4اکتوبر سہہ پہر 3بجے پارٹی نواں کلی ہنہ اوڑک بائی پاس پر احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرے اورعوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرکے ان سماج دشمن عناصر کاراستہ سیاسی جمہوری انداز میں روکنے کیلئے اپنا مثبت تعمیری کردار ادا کرے ۔