ملکی خودمختاری پر کسی کو حملہ کی اجازت نہیں، عوام ریاست کے لیے بارڈر کی قربانی دیں، ضیا لانگو
کوئٹہ؛ صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری پر حملہ کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے پاک افغان بارڈر پر ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے ملک دشمن عناصر اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں عوام کو مشکل وقت میں ریاست کیلئے قربانی دینا ہوگی بارڈر بندش سے بے روزگار لوگوں کے مسائل کا بخوبی اندازہ ہے رجسٹرڈ محنت کشوں کو لیویز‘ پولیس‘ ایف سی اور بارڈر پر باڑ کے لئے بھرتی کرنے کی پیشکش کی ہے پروسس مکمل ہونے تک انہیں احساس پروگرام کے تحت 20 ہزار روپے دینے کی پیشکش کی ہے بلوچستان حکومت کسی کو بے روزگار نہیں ہونے دے گی حکومت عوام کے ساتھ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ سرحدی شہر چمن سرحدی چمن پاک افغان بارڈر پر ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے دھرنے کے شرکاء بارڈر پار کرنا چاہتے تھے جس کے دوران انہوں نے قرنطینہ سینٹر اور نادرا سینٹر پر دھاوا بول دیا اطلاعات ہیں کہ اب تک 2 سے 3 لوگ جاں بحق ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاک افغان بارڈر کی بندش کی بنیادی وجہ دہشت گردی تھی جہاں سے دہشت گرد یہاں داخل ہو رہے تھے یہاں دو بنیادی مسائل ہمیں درپیش تھے جن میں دہشت گردی اور بے روزگاری شامل ہے روزگار عوام کا بنیادی حق ہے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے فرائض پورے کریں وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت اجلاس میں کمیٹی تشکیل دی گئی جس کا سربراہ میں تھا جبکہ نورمحمددمڑ‘ مبین خلجی‘ خالق ہزارہ اور اصغرخان اچکزئی کمیٹی میں شامل تھے کمیٹی نے بارڈر کا دورہ کیا جہاں پر محنت کشوں اور ٹریڈ سے وابستہ افراد سے ملاقات کی انہوں نے کہاکہ ہم نے بارڈر کو محفوظ اور لوگوں کو روزگار دینا ہے بارڈر بندش کی وجہ سے بیروزگار ہونے والوں کو ہم نے پولیس‘ ایف سی اور لیویز میں بھرتی کی پیشکش کی بلکہ بارڈر پر باڑ لگانے کے لئے بھی بھرتی ہونے کی پیشکش کی ہے جب تک بھرتی کا عمل مکمل ہوتا ہے اس وقت تک لوگوں کو احساس پروگرام کے ذریعے ماہانہ 20 ہزار روپے دینے کی بھی پیشکش کی ہے عوام کو روزگار دینا حکومت کی ذمہ داری ہے اور بلوچستان حکومت کسی کو بے روزگار نہیں ہونے دے گی عوام ریاست اور حکومت کو درپیش خطرات سمجھیں انہوں نے کہا کہ بارڈر کے دورہ کے موقع پر ہڑتال پر بیٹھے لوگوں سے ہم نے اپیل کی کہ وہ ہڑتال ختم کرے انہوں نے کہا کہ یہ حکومت عوام کی ہے اور عوامی مفاد میں فیصلے کرے گی حکومت نہیں چاہتی کہ عوام کے ساتھ سخت برتاؤ کرے صحافیوں کے پوچھے گئے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے میرضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ ہم کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہماری ملک کی خودمختاری پر حملہ کرے دشمنوں کی آنکھیں ہم پر ہیں سی پیک سے پاکستان روشن مستقبل وابستہ ہے لیکن پاکستان دشمن عناصرنہیں چاہتے کہ مملکت خدائیداد ترقی کرے انہوں نے کہا کہ ریاست پر مشکل گھڑی میں عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ریاست کے لئے قربانی دے بارڈر سے متعلق اجلاس طلب کیا ہے جس میں اصغرخان اچکزئی کو بھی بلایا ہے انہوں نے کہا کہ شہریوں پر فائرنگ فورسز کا کام نہیں عوام کی خاطر حکومت معاشی طور پر بوجھ برداشت کرے گی بارڈر کھولنے سے متعلق حکومت بارڈر کے ساتھ موجود قبائل کو درپیش مسائل کا ادراک رکھتی ہے بلکہ سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کریں گے۔


