ملک ناز موڑ پر کھڑا ہے، مذاکرات کی ناکامی جمہوریت کے لیے خطرہ ہو سکتی ہے، شاہ محمود قریشی

لاہور(آئی این پی )پی ٹی آ ئی رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک اس وقت ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے، امریکہ نے پاکستان کے نیوکلئیر اور میزائل سسٹم پر بات چیت کی ہے، جس سے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ اے ٹی سی لاہور میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مذاکرات کی ضرورت پاکستان کو ہے، نہ کہ پی ٹی آئی کو۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ مذاکرات کسی منطقی نتیجے تک پہنچیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کا مثبت نتیجہ نہ آنے کی صورت میں حکومت کا استحکام خطرے میں پڑ سکتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی لوگوں کے دلوں میں ہیں اور تحریک انصاف نے ہمیشہ نیک نیتی سے مذاکرات کا عمل شروع کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مذاکرات کی ناکامی جمہوریت کے لیے خطرہ ہو سکتی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنایا جائے۔ قریشی نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے جیل میں ہونے کے باوجود نہ تو ضمانت ملی اور نہ ہی کیس شروع ہوا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیاسی بے گناہوں کے ساتھ رعایت ملنی چاہیے۔انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ملک کی ضرورت کا علم ہونا چاہیے۔ شاہ محمود قریشی نے حال ہی میں رہا ہونے والے سیاسی قیدیوں کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ جمہوریت کے مفاد میں ایک اچھا قدم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں