کوئٹہ، کوئلے کی کان میں حادثہ، 12 مزدور دب گئے

کوئٹہ (آن لائن) کوئٹہ سے تقریبا چالیس کلومیٹر دور سنجاوی کے علاقے میں کوئلے کی ایک کان گیس بھر جانے کے باعث بیٹھ گئی، جس کے نتیجے میں بارہ مزدوروں کے دب جانے کی اطلاعات ہیں۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کے مطابق حادثے کے بعد فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہیں جنہوں نے موقع پر پہنچ کر مزدوروں کو دبی کان سے نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کان میں موجود گیس اور ملبے کی صورتحال کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں لیکن ریسکیو اہلکار اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ مزدوروں کی زندگیوں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں وزیر معدنیات و خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے چیف انسپکٹر مائنز عبدالغنی بلوچ کو فوری طور پر متاثرہ مقام پر دو مزید ریسکیو ٹیمیں روانہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں انہوں نے مائننگ کے مروجہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کے الزامات کی تحقیقات کا حکم بھی دیا ہے میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ کسی بھی مائن اونر کو قانون اور انسانی زندگیوں سے بڑا نہیں سمجھا جا سکتا اگر مائننگ کے ضابطوں کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو مائن اونر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی انہوں نے ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کرنے اور مزدوروں کو فوری طور پر نکالنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دی ہے وزیر معدنیات نے مائنز ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور مائنز کے اندر جدید حفاظتی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مزدوروں کے تحفظ اور حقوق کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی ترجمان حکومت بلوچستان نے مزید کہا کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کرکے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی متاثرہ کان میں امدادی کام جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں