حکومت بلو چستان کا دو تنخواہیں لینے والے ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان حکومت کا کا ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے اراکین سمیت دہری تنخواہیں لینے والے 36 میڈیکل آفیسران، 29 لیڈی میڈیکل آفیسران اور 9 ڈینٹل سرجن کے خلاف کارروائی کا فیصلہ، نوٹسز جاری کردئیے ۔ صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ محکمہ صحت نے بدعنوانی کے ثبوتوں کے ساتھ ڈاکٹروں کی فہرست جاری کر دی ہے مالی بدعنوانی میں ملوث ڈاکٹروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بدعنوان عناصر کو سزا دی جائے گی، بین الاقوامی اداروں سے کنٹریکٹ ڈاکٹروں کی تفصیلات طلب کی جا رہی ہیں، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑنے کہا کہ یو این اداروں میں ڈیپوٹیشن پر تعینات اہلکاروں کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں، جن اہلکاروں کا دورانیہ ختم ہو چکا ہے انہیں پیرنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی جائے گی، محکمہ صحت میں اب کوئی خلاف ضابطہ معاملات نہیں چلیں گے، کالی بھیڑوں کی وجہ سے عظیم پیشے پر سوال اٹھ رہے ہیں، اسپتالوں کی بندش غریب مریضوں کے لیے ناقابل برداشت ہے، غریب مریضوں کی حالت دیکھ کر دل دہل جاتا ہے، اس حوالے سے ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ مالی بدعنوانی میں ملوث ڈاکٹروں کی فہرست مفاد پرستی کا واضح ثبوت ہے حکومت بلوچستان عوام کو صحت کی سہولتوں سے محروم کرنے والوں کو بے نقاب کرے گی، تمام بین الاقوامی اداروں کو کنٹریکٹ ڈاکٹروں کی تفصیلات فراہم کرنے کا کہا گیا ہے، ترجما ن نے کہا کہ بلیک میلنگ اور غیر قانونی تسلط حکومت کے لیے ناقابل قبول ہیںچند گمراہ عناصر نے عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے صحت کے شعبے میں بدعنوانی کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گاحکومت عوام کو بہترین صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے، غریب مریضوں کے لیے اسپتالوں کی بندش ناقابل معافی جرم ہے۔


