نال میں فیکٹریوں اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں ،نیشنل پارٹی
کوئٹہ(یو این اے )نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ ایک مذمتی بیان میں خضدار کی تحصیل نال میں فیکٹریوں اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے، قیمتی جانوں کے ضیاع اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے بلوچستان کے کاروباری طبقے کی گاڑیوں کو جلانے اور نجی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات میں خطرناک حد تک شدت آگئی ہے، جس کے باعث یہاں کے عوام کو تجارت و کاروبار کرنے میں شدید مشکلات درپیش ہیں اور یہ عمل مجموعی طور پر بلوچستان کے وسیع تر مفادات کے سراسر بر خلاف ہے۔بیان میں واضح کیا گیا کہ نال عظیم قومی رہنما اور بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کا آبائی علاقہ ہے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی یہاں کے عوام کی شعوری سیاسی تربیت، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی خوشحالی کے لیے وقف کر رکھی تھی؛ آج ان کے وارثوں اور علاقے کے معصوم لوگوں کو نقصان پہنچانا نہایت افسوسناک عمل ہے، جو شعوری سیاسی جدوجہد اور مثبت قومی روایات کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔ نیشنل پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ نہ صرف قابلِ مذمت اقدام ہے بلکہ قومی اکابرین کی لازوال جدوجہد، قربانیوں اور تاریخی خدمات کے ساتھ بھی کھلی ناانصافی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے پرتشدد واقعات قومی و سیاسی عمل کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں جو ہماری اعلی روایات، اقدار اور اجتماعی مفادات کے منافی ہیں؛ کسی بھی مسئلے کے حل کے لیے تشدد کا راستہ اپنانا، املاک کو نقصان پہنچانا اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔ میر غوث بخش بزنجو اور ان کے خاندان کا قومی، سیاسی اور جمہوری جدوجہد میں کردار ہمیشہ نمایاں اور تاریخی اہمیت کا حامل رہا ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ بیان کے آخر میں نیشنل پارٹی نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے مغفرت، بلند درجات اور سوگوار لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی، جبکہ زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا۔


