بلوچستان ،ضمنی بلدیاتی انتخابات میں عوام کی سہولت کیلئےالیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹرقائم
کوئٹہ( این این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 26 جنوری 2025ء کوصوبہ بلوچستان میں منعقد ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں عوام الناس کی سہولت کے لئے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر(EMCC) قائم کر دیا ہے۔ اس سینٹر میں عوام الناس کو ان انتخابات کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی۔ شکایات کے بروقت اَزالہ کے لئے فوری طور پر کاروائی کی جائے گی اور اس مقصد کے لئے سنٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کردیا گیا ہے۔ عالہ ازیں الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کے حوالے سے عوام کی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کے لئے 4 سطحوں پر کنٹرول سنٹرز قائم کئے ہیں جس میں الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژن اور ضلعی سطح پر بھی کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں۔ عوام مذکورہ ضمنی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں شکایات کے اندراج کے لئے ای ایم سی سی (EMCC) سنٹر کے عملہ سے ای میلcomplaints@ecp.gov.pk پربھی رابطہ کر سکتے ہیں۔کمیشن نے عوام کی سہولت کے لئے (EMCC)میں ایک مخصوص ہیلپ لائن کی سہولت بھی دی ہے جس کا رابطہ نمبر 051111327000 ہے۔ کنٹرول سنٹر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔فیکس نمبر 0519204404 کے ذریعے بھی شکایات بھیجی جا سکتی ہیں۔ 25 جنوری تک EMCC میں صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک شکایات جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ جبکہ پولنگ کے دن 26 جنوری کو ای ایم سی سی (EMCC) نتائج کے موصول ہونے تک مسلسل کام کرے گا۔