بلوچستان، 25 اضلاع میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کل ہوں گے
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان کے 25 اضلاع میںکل لوکل گورنمنٹ کے ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن بلوچستان کے ترجمان کے مطابق، ان انتخابات کے دوران 51 انتخابی وارڈز میں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے مابین سخت مقابلہ ہوگا۔ترجمان کے مطابق، 51 انتخابی وارڈز میں کل 167 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان امیدواروں میں سیاسی جماعتوں کے نامزد کردہ امیدواروں کے ساتھ ساتھ آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔ یہ انتخابات ان وارڈز میں منعقد کیے جا رہے ہیں جہاں نشستیں مختلف وجوہات کی بنا پر خالی تھیں۔انتخابات کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیے تمام تر سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری کی تعیناتی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، پولنگ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ریزرو فورسز کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کریں اور اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں تاکہ مقامی حکومتوں کو فعال اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے مثر بنایا جا سکے۔